بنوں:بنوں اور لکی مروت میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ کے دو الگ الگ حملوں میں چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
بنوں کے تھانہ منڈان کی حدود میں واقع کفشی خیل علاقے میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس اہلکار رشید خان کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے شہید اہلکار کی میت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دی اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اسی طرح، لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ٹریفک انچارج جلال خان، سپاہی عزیزاللہ اور سپاہی عبداللہ شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اہلکار معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ حملہ آور اچانک ان پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقوں کو گھیرے میں لے کر تحقیقات اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔