فیصل آباد:فیصل آباد میں مشیر وزیراعظم سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سڑکوں کے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ فیصل آباد میں 29 کلومیٹر کی نئی سڑک منظور کرائی گئی ہے، جس سے شہریوں کی آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ مزید یہ کہ ایک ارب روپے مالیت کی سڑک کا کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے آج گیس کے ایک نئے منصوبے کا افتتاح بھی کیا اور بتایا کہ ملک میں سوئی گیس ختم ہو رہی ہے، جس کے لیے حکومت نے قطر کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی مہنگی ہے، تاہم گھریلو سلنڈر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے یہ سستی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلا تفریق عوام کی خدمت حکومت کا منشور ہے اور ہر جائز کام ہر پاکستانی کا حق ہے، چاہے انہوں نے ووٹ دیا ہو یا نہیں۔ منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور ستھرا پنجاب منصوبے کے ذریعے دیہاتوں میں صفائی کے نظام میں بہتری آئی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے ن لیگ کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے خدمت کی سیاست کو فروغ دیا اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کے پیچھے ہمیشہ ن لیگ کا نام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی اور وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ملک کی تعمیر و ترقی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ مجرموں اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ سخت رویہ اپنایا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ترقی کا سفر جاری ہے اور حکومت ہر پاکستانی کے لیے بہتر معیاری تعلیم، سڑکوں اور بنیادی سہولتوں کے لیے کام کر رہی ہے۔