سوات میں مریم اورنگزیب کی تفریح کا معاملہ، فواد چودھری نے اہم ٹویٹ کر دی

Fawad Chaudhry, tweet, Maryam Aurangzeb, Swat, PDM jalsa

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سوات میں مریم اورنگزیب کی تفریح پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان سے کہا کہ مہمانوں کا خیال بھی رکھیں لیکن ان پر نظر بھی رکھیں ۔

اپنی ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ امید ہے نون لیگ کی لیڈرشپ سوات میں اچھی تفریحی سہولتوں سے خوب لطف اندوز ہوئی ہوگی ، انہوں نے کہا کہ ایک اچھی حکومت کے ثمرات سے ہر شہری فائدہ اٹھاتا ہے چاہے وہ حکومت کا مخالف ہی کیوں نہ ہو ۔

وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر دور میں سیاسی ابو بدلنے والے آج کے سیاسی ابو کو بچانے کے لئے جھوٹ کا راگ الاپ رہے ہیں ۔

اپنی ٹویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چودھری سمیت بھٹکتی سیاسی روحیں سیاسی مخالفین کے خلاف گھٹیا بیانات دینے پر مجبور ہیں ، جو حکومت تین سال میں اپنا پروگرام نہیں دے سکی اُس کے کرائے کے ترجمان اپوزیشن سے پلان مانگ رہے ہیں ۔

ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے خوف سے حکومت اور اس کے ترجمانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ۔ آخری سانس لیتی حکومت کی سیاسی موت قریب ہے ، جھوٹے بیانات سے یہ نہیں بچ سکتی ۔