شبہاز شریف صاحب! نواز شریف عوام کی جیب کاٹ کر لندن بھاگ گئے: فواد چودھری

 شبہاز شریف صاحب! نواز شریف عوام کی جیب کاٹ کر لندن بھاگ گئے: فواد چودھری
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام ہوگیا۔ یہ فارغ سیاستدانوں کی پکنک تھی۔شہبازشریف صاحب! نواز شریف عوام کی جیب کاٹ کر لندن بھاگ گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ڈی ایم کے رہنماﺅں کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا جلسہ بُری طرح ناکام ہوا، ان کے پاس سوائے باتوں کے قوم کے لئے اور کچھ نہیں، انہوں نے بجلی بنائی کم اور عوام پر مہنگی بجلی گرائی زیادہ ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے بوئے بیج کی زہریلی فصل آج پوری قوم کو کاٹنا پڑ رہی ہے، شہباز صاحب! عوام کی جیب نواز شریف کاٹ کر لندن بھاگ گئے ہیں۔  حیران ہوں کہ جیل میں کمر درد کی شکایت کرنے والے شہباز شریف سوات میں جلسہ کرنے کے لئے بالکل صحت مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پانچ سال کی تکمیل کے بعد ایک بہتر اور روشن پاکستان عوام کو ملے گا، اپوزیشن طعنے دیتی رہے لیکن 2023ءمیں شکست ان کا مقدر بنے گی۔ عوام عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا سفر جاری رکھیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ مولانا صاحب کی طبیعت ٹھیک نہیں، اس لئے وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں، 2018ءکے الیکشن کے بعد سے ان کی طبیعت مسلسل خراب ہے، اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔

 مولانا صاحب ! شہباز شریف سے ہی پوچھ لیتے تو وہ بتا دیتے کہ وزیراعظم کی آمد پر انہوں نے اعتراض کیوں کیا تھا؟ پی ڈی ایم کا جلسہ اس اتحاد کو تخلیق کرنے والے بلاول بھٹو اور اے این پی کے بغیر اپنی منزل اور بانی دونوں ہی کھو چکا ہے۔