اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج دہشت گردوں کو ناکام بنانا ایک بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ملک کی حفاظت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی روکنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانا ایک قابل فخر کامیابی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور فورسز کو سلام پیش کیا۔