خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں حکومت گرادو: وزیراعظم

خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں حکومت گرادو: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں حکومت گرادو۔ہر جگہ مافیاز بیٹھے ہیں ان کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ ن لیگ کے مقابلے میں ہم نے 3 گنا زیادہ سڑکیں بنائیں۔

اسلام آباد میں لودھراں تا ملتان روڈ کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے کام سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہم حکومت میں آئے تو پہلے ہی ہفتے کہنا شروع ہوگئے کہ حکومت فیل ہوگئی۔ 

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور اپوزیشن کی طرف سے تنقید کی گئی اور تاثر دیا گیا کہ بٹن دباتے ہی نیا پاکستان سامنے آجائے گا۔ تبدیلی کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے۔ مافیاز اور اپوزیشن کو جب تک این آر او نہیں ملتا یہ تنقید جاری رکھیں گے۔  ان کی چوریاں سامنے آرہی ہیں اس لیے حکومت گرانے کے لیے دباوَ ڈال رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ ڈھائی سال ہم نے بہت صبر اورخاموشی سے کام کیا اب ہمارے اقدامات کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

وزیراعظمنے اپنی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ  پاکستان نے کورونا میں بھارت سے بہترین اقدامات کیے ۔پہلا سال معاشی استحکام ،دوسرا کورونا سے نمٹنے میں گزرا۔ مشکل وقت سے نکل گئے ہیں اب ترقی کا دور ہوگا۔ صنعتوں کوکھڑا کیا،کسانوں کوپیسے دے رہےہیں،معیشت بہترہورہی ہے۔ کسانوں کے لیے پیکج  لارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چین  کے ساتھ  سی پیک کے دوسرے فیز میں جارہے ہیں۔ ماضی میں ڈیمز ،ماحولیات اور نوجوانوں کی بہتری  کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے ۔ پہلی بار ملک میں 10ارب درخت لگارہے ہیں۔ پاکستان میں سیاحت کے  بہترین مقامات ہیں،ہم مزید کی نشاندہی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  بہت جلد پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں ترقی ملے گی۔ تعمیراتی شعبے   کی سرگرمیوں میں  اضافہ ہواہے اورلوگوں کو روزگار مل رہاہے ۔ ہم نے عدالت سے بینک کاقانون کلیئر کراویا اوراب لوگوں کوقرضے مل رہے ہیں۔