اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاق کے ساتھ چاروں صوبوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ اور میکرو اکنامک فریم ورک کی منظوری دی جائے گی۔ متوقع ہے کہ قومی ترقیاتی بجٹ کا حجم تقریباً 4 ہزار ارب روپے ہوگا، جبکہ وفاقی ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی، جی ڈی پی کی شرح نمو، زراعت، صنعت، اور سروسز سیکٹر کے اہداف کی بھی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی (APCC) کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور اہداف کا بھی جائزہ لے کر منظوری دی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ اجلاس پہلے 5 جون کو طلب کیا گیا تھا، تاہم اب اسے ایک روز قبل یعنی 4 جون کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔