Get Alerts

بلوچستان میں بھارتی پراکسیز کو شکست ہوگی، عطا تارڑ کا دوٹوک مؤقف

بلوچستان میں بھارتی پراکسیز کو شکست ہوگی، عطا تارڑ کا دوٹوک مؤقف

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت جس طرح میدان جنگ میں شکست سے دوچار ہوا ہے، بالکل ویسے ہی بلوچستان میں اس کی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ "آپریشن بُنیان المرصوص" کے دوران بلوچستان میں اب تک 32 دہشت گرد حملے کیے گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز ان خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کو صرف جنگی میدان میں ہی نہیں بلکہ سفارتی اور بیانیے کی سطح پر بھی سنگین ناکامی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور حکومت جھوٹے دعوؤں، فیک نیوز اور پراپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں تاکہ اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کلبھوشن یادیو جیسے نیوی افسر دہشت گردی کو فروغ دینے میں براہ راست ملوث ہیں۔ جعفر ایکسپریس پر حالیہ حملے کی ویڈیو پہلے بھارتی میڈیا پر نشر ہوئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گرد عناصر کو اسپانسر کر رہا ہے۔

عطا تارڑ نے بلوچستان میں امن کی بحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریاست اور فورسز "فتنۂ الہند" کا پوری قوت سے سامنا کر رہی ہیں اور جلد صوبے میں مکمل امن و استحکام قائم کیا جائے گا۔

ٹیگز: