Get Alerts

کراچی میں نیگلیریا سے مزید ایک ہلاکت، سندھ میں رواں سال اموات کی تعداد 2 ہوگئی

کراچی میں نیگلیریا سے مزید ایک ہلاکت، سندھ میں رواں سال اموات کی تعداد 2 ہوگئی

کراچی : شہر قائد میں دماغ کو متاثر کرنے والے خطرناک جرثومے نیگلیریا فاؤلری سے متاثرہ ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد سندھ میں رواں برس اس جان لیوا مرض سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق متوفی کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے تھا، جسے 30 مئی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ مریض میں یکم جون کو نیگلیریا کی تصدیق ہوئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور 4 جون کو انتقال کر گیا۔

صوبائی حکام کے مطابق رواں سال نیگلیریا سے ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔ اس سے قبل فروری میں گلشن اقبال کی رہائشی 36 سالہ خاتون اس مرض کا شکار ہو کر چل بسی تھیں۔ انہیں 18 فروری کو علامات ظاہر ہوئیں، اور 19 فروری کو اسپتال میں داخل کیا گیا، جبکہ موت کے بعد 24 فروری کو نیگلیریا کی تصدیق ہوئی تھی۔

ماہرین صحت کے مطابق نیگلیریا فاؤلری ایک ایسا خطرناک جرثومہ ہے جو ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہو کر جان لیوا انفیکشن کا باعث بنتا ہے، اور اکثر کیسز میں جلد موت واقع ہو جاتی ہے۔ شہریوں کو صاف پانی کے استعمال اور سوئمنگ پولز یا نالوں سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: