Get Alerts

وزیراعظم کی جانب سے امریکی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

 وزیراعظم کی جانب سے امریکی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کر رہا ہے، تاہم امریکا جیسے دوست ملک نے مختلف ادوار میں پاکستانی معیشت کی معاونت کی ہے، جسے پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں امریکہ کے یوم آزادی کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا 1950 سے ایک مضبوط شراکت داری میں بندھے ہوئے ہیں، اور اب یہ تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں، اور یہی مشترکہ اصول دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے افغان جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ادا کیا، جس کی بڑی قیمت بھی چکائی۔ پاکستان نے عالمی امن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے پہلگام واقعے کا ذکر کیا اور کہا کہ بھارت اس واقعے سے متعلق دنیا کو قائل کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پہلگام ایک "فالس فلیگ آپریشن" تھا، جس کا مقصد دنیا کو گمراہ کرنا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوستی، باہمی اعتماد، اور تعاون کے اصولوں پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

ٹیگز: