ہنزہ/گلگت: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید کی ہے۔ ن لیگ کے سینیئر رہنما عابد شیر علی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر ان پر وار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں بڑے بڑے منصوبوں کے نعرے لگانے والے پہلے اپنے صوبے (سندھ) میں کام کر کے دکھائیں، جہاں وہ اب تک عوام کے لیے پینے کے پانی کا انتظام بھی نہیں کر سکے۔
دوسری جانب، ہنزہ میں منعقدہ ایک بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں جہاں بھی نظر ڈالیں، شیر (ن لیگ) ہی نظر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ صرف کھوکھلے نعرے لگانے والوں سے نہیں بلکہ ہم عملی کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کا لہو گرماتے ہوئے کہا کہ شیر کا نشان پاکستان کی طاقت اور غیرت کا نشان ہے۔