اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا بہترین اور مخلصانہ سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ امریکی قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے، جبکہ امریکی سینیٹر مارکو روبیو نے بھی پاکستان کے مثبت ثالثی کے کردار کی خصوصی تعریف کی ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے میڈیا کو مطلع کیا کہ عالمی رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کے لیے وزیراعظم نے ایران اور کویت کے سربراہوں سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جن میں اہم علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ دورۂ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاک چین سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔