Get Alerts

گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ مالکیت دلانے کے لیے 'جیالا وزیراعلیٰ' چاہیے:بلاول بھٹو 

گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ مالکیت دلانے کے لیے 'جیالا وزیراعلیٰ' چاہیے:بلاول بھٹو 

غذر : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور غذر کے لوگوں کا ساتھ نسلوں کا ہے، غذر کو "منی لاڑکانہ" کا درجہ حاصل ہے۔ گلگت بلتستان کو اسمبلی اور شناخت پیپلز پارٹی نے دی، اور اب یہاں کے عوام کے حقوق اور سہولیات کے لیے اسلام آباد میں مقدمہ لڑنا میری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غذر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے الیکشن میں بھاری اکثریت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ مینڈیٹ اپنے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ماضی میں وزیراعظم رہا اور کوئی آج بھی ہے، لیکن مجھے ابھی تک عوام کی حقیقی خدمت کا موقع نہیں ملا۔ اگر گلگت بلتستان میں کوئی اور حکومت آئی تو وہ ہماری کی گئی قانون سازی کو محض ایک کاغذ کا ٹکڑا سمجھیں گے، اس لیے عوام کو حقِ ملکیت دلانے کے لیے یہاں جیالا وزیراعلیٰ لانا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زمینوں کے حقوق کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 28 ہزار کلومیٹر زمین اب ریاست کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کی بن چکی ہے، اور اب یہ قابلِ کاشت زمین عوام میں تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غذر کی نشستوں میں اضافے اور حقِ ملکیت کے قانون پر عملدرآمد کے لیے پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت درکار ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے سندھ حکومت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہم وہاں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں جن کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جا رہے ہیں، اور اس منصوبے سے 10 لاکھ نوکریاں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ گلگت بلتستان میں بھی ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز غذر سے کیا جائے گا اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کو فوری تعمیر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا اور ہم نے گلگت بلتستان کے عوام کو سبسڈی دلوائی۔ اب یہاں حکومت بنا کر شہید قائد اور بی بی شہید کا مشن مکمل کریں گے۔ مخالفین نے نوکریاں دینے پر محترمہ بے نظیر بھٹو پر کیسز بنوائے، لیکن بی بی شہید کا عزم تھا کہ اگر نوکریاں دینا جرم ہے تو وہ یہ بار بار کرتی رہیں گی۔ پیپلز پارٹی جو وعدہ کرتی ہے، وہ پورا کرتی ہے۔

ٹیگز: