Get Alerts

ایکس پوسٹس کو انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں شیئر کرنے کا فیچر متعارف

ایکس پوسٹس کو انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں شیئر کرنے کا فیچر متعارف

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے چند نئے فیچرز کی آزمائش شروع کر دی ہے، جن کے ذریعے پوسٹس کو دیگر مقبول پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا اور ویڈیو ری ایکشن دینا آسان ہو جائے گا۔

ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیئر نے ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ کمپنی ایسے نئے آپشنز متعارف کرا رہی ہے جن کی مدد سے صارفین اپنی ایکس پوسٹس براہِ راست انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز پر شیئر کر سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی بیک وقت "ری ایکٹ ود ویڈیو" نامی فیچر بھی آزما رہی ہے، جس کے تحت صارفین کسی بھی پوسٹ پر ایپ کے اندر رہتے ہوئے ویڈیو ردعمل ریکارڈ کر سکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے ہر پوسٹ کو ایک طرح کے تخلیقی اسٹوڈیو میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

نکیتا بیئر کے مطابق پوسٹس کو شیئر کرنے کے لیے دو مختلف طریقوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ صارفین ٹائم لائن سے براہِ راست ویڈیوز شیئر کر سکیں گے، جبکہ فل اسکرین موڈ سے بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صارفین کسی پوسٹ کو اپنے جواب یا تبصرے کے ساتھ بھی شیئر کر سکیں گے۔ شیئر کی جانے والی ویڈیوز پر خودکار طور پر واٹر مارک شامل ہوگا تاکہ مواد کے اصل ماخذ کی شناخت برقرار رہے۔

فی الحال ان دونوں فیچرز کو محدود تعداد میں صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور یہ صرف آئی او ایس ایپ میں آزمائشی بنیادوں پر دستیاب ہیں۔

ٹیگز: