لاہور: قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، تاہم پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی اور مؤثر باؤلنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو محض 157 رنز تک محدود رکھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ مارنس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز اسکور کیے۔ ایڈم زیمپا 10 رنز کے ساتھ ڈبل فگر میں پہنچنے والے دیگر کھلاڑی تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو شکار کیے۔ حارث رؤف نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صاحبزادہ فرحان صرف 6 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے، جبکہ معاذ صداقت نے 27 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔
وکٹ کی اسپن دوست صورتحال کے باعث رنز بنانا آسان نہ تھا اور پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 40 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا کے ساتھ اہم شراکت بھی قائم کی۔
ایک مرحلے پر پاکستان دباؤ کا شکار دکھائی دے رہا تھا، لیکن شاداب خان اور عبدالصمد نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 49 رنز جوڑے اور ٹیم کو کامیابی کی منزل تک پہنچا دیا۔
شاداب خان 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف میچ جیتا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کر کے شائقین کو خوشی کا موقع فراہم کیا۔