اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہندو برادری کو ہولی کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار خوش نما رنگوں کے امتزاج سے معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہولی کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کا اظہار ہیں اور یہ تہوار محبت، رواداری اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی ہندو کمیونٹی کو نیک تمناؤں کے ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری ہمارے معاشرے کا ایک بیش قیمت حصہ ہے اور وہ سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی، خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب و عقیدہ مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اور حکومت تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی محافظ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے، عبادت گاہوں کے تحفظ اور باہمی احترام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ "آئیے رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ ایک پُرامن، شمولیتی اور خوشحال مستقبل کی جانب مل کر پیش قدمی کریں۔"