اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دیوالی روشنی کے اندھیروں پر اور نیکی کے برائی پر غلبے کی علامت ہے۔ یہ تہوار امن، رواداری، ہمدردی اور ہم آہنگی جیسی آفاقی اقدار کی یاد دہانی کراتا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت دیتا ہے، اور ہمیں ایسا معاشرہ قائم رکھنا ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے عزت و احترام کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے قائداعظم کے اس تصور کو یاد دہانی کروائی جس میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔ ہندو برادری پاکستان کے سماجی، ثقافتی اور معاشی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہے، جن کی تعلیم، تجارت اور عوامی خدمت کے شعبوں میں خدمات قابل تحسین ہیں۔
صدر نے کہا کہ دیوالی ہمیں رواداری، اتحاد اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو تازہ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بیرون ملک مقیم ہندو برادری کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔