اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ملک بھر میں سادگی اور کفایت شعاری مہم کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ملکی معیشت اور عوام پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کا دباؤ بڑھ رہا ہے، موجودہ صورتحال میں سب سے پہلے حکومت اور اشرافیہ سے قربانی کا آغاز کیا جائے گا۔
اجلاس میں سرکاری سطح پر ایندھن کے استعمال میں کمی اور توانائی کے تحفظ سمیت مختلف کفایت شعاری اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو سرکاری اخراجات میں کمی اور وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب کم آمدن اور متوسط طبقے کو پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے فیول ریلیف اسکیم پر عمل درآمد جاری ہے۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر دو و تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ماہانہ مقررہ مقدار میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو بھی اسی شرح سے فیول ریلیف دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال میں حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ اپنے اخراجات میں بھی کمی کرے گی۔ سادگی، کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ کے اقدامات کا مقصد ملکی وسائل کا مؤثر استعمال اور عالمی تیل بحران کے اثرات کو کم کرنا ہے۔
حکومت کے مطابق کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری اداروں میں غیرضروری اخراجات اور ایندھن کے استعمال کو کم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔