کولمبو/گالے :سری لنکا کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی بحری جہاز ’آئی آر آئی ایس دینا‘گالے بندرگاہ کے قریب ’میری ٹائم تجارتی زون‘ میں ڈوب گیا ہے۔ جہاز پر سوار 180 افراد میں سے 140 تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ سری لنکن بحریہ اور فضائیہ کا مشترکہ امدادی آپریشن جاری ہے۔
سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے پارلیمان کو بتایا کہ جہاز سے ہنگامی سگنلز موصول ہوئے، جس کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ اب تک 30 افراد کو بچا کر گالے کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کے جسموں پر جلنے کے نشانات، خراشیں اور ہڈیاں ٹوٹنے کے زخم پائے گئے ہیں۔
جہاز پر مجموعی طور پر 180 افراد سوار تھے، جن میں سے 140 کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔سری لنکن پارلیمان میں اس وقت صورتحال دلچسپ ہو گئی جب اپوزیشن کے ایک رکن نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ جہاز امریکی یا اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنا ہے؟ تاہم، حکومت اور متعلقہ حکام نے اس حساس سوال پر فی الحال کوئی باضابطہ ردِعمل دینے سے گریز کیا ہے اور حادثے کی وجوہات کو 'نامعلوم' قرار دیا ہے۔