قندیل بلوچ کے بھائی کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا گیا

قندیل بلوچ کے بھائی کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا گیا
کیپشن: میرا بیٹا عارف بے گناہ ہے اور مفتی عبدالقوی نے اس قتل میں میرے سارے بیٹوں کو پھنسایا، والدہ قندیل بلوچ۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

ملتان: ملتان کے پولیس کے مطابق ماڈل قندیل بلوچ کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی اور اس کے بھائی عارف کو انٹرپول کی مدد سے سعودی عرب سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کے نامزد ملزم عارف کو جدہ سے اس کے کفیل کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم عارف پر الزام ہے کہ وہ قتل کے وقت مرکزی ملزم وسیم سے ٹیلی فونک رابطے میں تھا اور جس کے شواہد وسیم کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں ملے تھے۔

ادھر قندیل بلوچ کی والدہ انور بی بی کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا عارف بے گناہ ہے اور مفتی عبدالقوی نے اس قتل میں میرے سارے بیٹوں کو پھنسایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کچھ علم نہیں کہ گرفتاری کے بعد عارف کو کہاں رکھا گیا ہے اور عارف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمے داری پولیس پر عائد ہو گی۔

قندیل کی والدہ نے بتایا ہمیں صرف سعودی عرب سے عارف کی گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔