آفریدی کی گمبھیر پر تنقید،سابق بھارتی کرکٹر نے لالہ کو دماغی علاج کی پیشکش کردی

آفریدی کی گمبھیر پر تنقید،سابق بھارتی کرکٹر نے لالہ کو دماغی علاج کی پیشکش کردی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

نئی دہلی:شاہد آفریدی کی جانب سے ان کی آپ بیتی’گیم چینجر ‘ میں سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پر تنقید کے بعد بی جے پی کے رہنما گمبھیر بھی میدان میں آگئے اور شاہد آفریدی کو بھارت میں دماغی علاج کروانے کی پیشکش کردی۔

خیال رہے کہ سابق پاکستانی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پر تنقید کرتے ہوئے اپنی سوانح حیات ”گیم چینجر“ میں انکشاف کیا کہ گوتم گمبھیر کے ساتھ ان کی رقابت کچھ ذاتی اور کچھ پروفیشنل نوعیت کی تھی، کرکٹ کے عظیم کھیل میں بمشکل اس جیسا کردار ہو،کوئی ریکارڈ نہیں بس رویہ ہی رویہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ گمبھیر کا رویہ کسی بھی طرح مسابقتی نہیں کہا جاسکتا ، حقیقت میں اپنے کھیل کے دنوں میں وہ نفی سے بھرپور تھے، وہ جس طرح کا برتاﺅکرتے تھے، کراچی میں ایسے بندے کو ہم’ سڑیل‘ کہتے ہیں۔آفریدی کا کہنا ہے کہ سادہ سی بات ہے ، مجھے خوش رہنے والے مثبت لوگ پسند ہیں ، ان کے جارحانہ اور مسابقتی ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن آپ کو مثبت ہونا چاہئے اور گمبھیر ایسے نہیں تھے۔

آفریدی کی جانب سے تنقیدکے بعد گوتم گمبھیر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ”شاہد آفریدی ، تم ایک مزاحیہ شخص ہو،خیر،ہم اب بھی پاکستانیوں کو بھارت میں علاج کے لیے میڈیکل ویزہ دے رہے ہیں ،میں ذاتی طور پر آپ کو کسی سائیکاٹرسٹ کے پاس لیکر جاﺅں گا“۔