برطانیہ کا کورونا وائرس پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ

برطانیہ کا کورونا وائرس پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ

لندن : برطانیہ  نے کورونا  وائرس کے باعث لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق  برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے  صحافیوں سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا 17 مئی سے  پابندیوں میں نرمی کی جائے گی ،اور عوام کو ریسٹورنٹ میں جانے اور بیرون ملک   سفر کی اجازت دے دی جائے گی ۔

اس کے علاوہ بورس جانس نے کہا   21 مئی سے سماجی فاصلے کے ضوابط بھی ختم کر دیے جائیں گے ۔برطانیہ میں اب تک  44 لاکھ  21 ہزار  8 سو 50 افراد کورونا سے متاثر جبکہ  1 لاکھ  27 ہزار 3 سو 95  کورونا سے متاثرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب سرکاری اعدادو شمار کے مطابق  برطانیہ میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1 ہزار 649 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ کورونا سے 24 گھنٹوں میں صرف ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک 3 کروڑ 45 لاکھ سے زیادہ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 5 اپریل کو برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کورونا کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے ممالک کی سبز، پیلے اور سرخ رنگوں میں درجہ بندی کی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حکومت نے مزید تفصیلات پیر کے روز دینے کو کہا تھا۔ 

برطانیہ نے دیگر ممالک کے سفر پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، تاہم چند وجوہات کی بنیاد پر سفر کرنے کی رعایت دی گئی ہے۔ وزیراعظم بورس جانس نے کہا تھا کہ محفوظ بین الاقوامی آمد و رفت بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

برطانوی حکومت کے مطابق نئے ٹریفک لائٹ سسٹم کی مدد سے مسافروں کی واضح رہنمائی کی جائے گی تاکہ ویکسین لگانے کے عمل کو کسی طور پر بھی خطرے کا سامنا نہ ہو۔

کم خطرے والے ’سبز‘ ممالک کے سفر سے پہلے اور وہاں سے آنے کے بعد وائرس کا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ جبکہ پیلے اور سرخ ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

فی الحال برطانیہ آنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دس دنوں کے لیے بالکل الگ تھلگ رہیں۔

’سرخ فہرست‘ میں زیادہ خطرے والے ممالک شامل ہیں۔ ان ممالک سے سفر کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت کے منظور شدہ ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنا پڑے گا۔