اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے حالیہ غیر دوستانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی پرچم بردار بحری جہازوں کے پاکستانی بندرگاہوں میں داخلے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے وزارت بحری امور نے باضابطہ طور پر حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
وزارت کے اعلامیے کے مطابق، نہ صرف بھارتی بحری جہازوں کا پاکستان میں داخلہ بند کیا گیا ہے بلکہ کسی بھی پاکستانی پرچم بردار بحری جہاز کو بھی بھارتی بندرگاہوں کا رخ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کی گئی تجارتی پابندیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستان سے براہ راست اور بالواسطہ ہر قسم کی درآمدات پر مکمل پابندی لگا دی تھی۔ اس کے علاوہ بھارتی حکومت نے پاکستان سے کوئی بھی خط یا پارسل وصول کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے اور پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔