اسلام آباد : پاکستان نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بھارت کے حالیہ اقدامات کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو باضابطہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی برادری کو خطے میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کو ہدایت دی ہے کہ وہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ پاکستان اس موقع پر بھارت کے جارحانہ اقدامات، خاص طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے یک طرفہ فیصلوں کو اجاگر کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان عالمی برادری کے سامنے یہ مؤقف پیش کرے گا کہ بھارت کے اقدامات نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔
یہ سفارتی کوشش پاکستان کی اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت وہ عالمی فورمز پر درست حقائق اجاگر کر کے مسئلے کے حل کی طرف پیش رفت چاہتا ہے۔