اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کو بغیر کسی ثبوت کے پاکستان سے منسوب کرنے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی شفاف، معتبر اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحقیقات میں ملائیشیا سمیت بین الاقوامی برادری کی شمولیت کا خیر مقدم کرے گا۔
وزیراعظم کا یہ بیان اُن کی ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سامنے آیا۔ گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اس وقت ایک سنگین معاشی بحران سے نکل کر معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، لہٰذا اس قسم کے کسی بھی واقعے میں ملوث ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا اور انہیں خطے میں حالیہ پیش رفت اور بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کا خواہاں ہے اور کسی بھی غیرذمہ دارانہ الزام تراشی کو مسترد کرتا ہے۔
پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ان بیانات کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو واضح کرنے کی سنجیدہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔