کراچی/لاہور :ملک بھر کی طرح شوبز انڈسٹری سے وابستہ نامور فنکاروں نے بھی 'معرکہء حق' کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کی جرات اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ فنکاروں نے اپنے مشترکہ بیان میں واضح کیا ہے کہ دفاعِ وطن کی خاطر پوری فنکار برادری اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شوبز ستاروں نے معرکہء حق کی مناسبت سے اپنے پیغامات میں کہا کہ چاہے سکرین ہو یا سٹیج، ہمارا فن ہمیشہ سچائی کا آئینہ دار رہا ہے اور ہم ہر مشکل گھڑی میں حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔"فنکار معاشرے میں جذبوں کو جوڑنے اور امید کو جگانے کا کام کرتے ہیں، پاک فوج کی کامیابی نے قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔
نامور اداکاروں اور گلوکاروں نے سوشل میڈیا اور مختلف تقاریب میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنکار برادری اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا زمانہ امن ہو یا جنگ، ہم کل بھی پاک فوج کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی پوری قوت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ 'معرکہء حق' نے ثابت کر دیا کہ جب قوم اور فوج ایک پیج پر ہوں تو دشمن جتنا بھی طاقتور ہو، اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شوبز ستاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کے مضبوط دفاع اور امن پسندی کا پیغام عام کرتے رہیں گے۔