اسلام آباد:ذرائع کے مطابق سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیمی بل 7 نومبر کو سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
بل کا جائزہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے اجلاس میں لیا جائے گا، اور امکان ہے کہ آئندہ ہفتے اس کی منظوری بھی ہو جائے۔
اپوزیشن نے بھی متوقع بل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27ویں ترمیم پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد باقاعدہ ردعمل دیا جائے گا اور سیاسی کمیٹی میں حکمت عملی طے کی جائے گی۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ آئین میں ترامیم عام طور پر اتفاق رائے سے کی جاتی ہیں۔