سندھ : دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد وہاں درمیانے درجے کا سیلاب ڈکلیئر کر دیا گیا ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث نواب شاہ کے علاقے سکرنڈ میں پانی کے بہاؤ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں کچے کے 20 سے زائد دیہات پانی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنی جان اور مال بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ادھر سکھر بیراج پر بھی پانی کی سطح بلند ہے، جہاں 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ اگر بارشوں کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کو محتاط رہنے اور نشیبی علاقوں سے فوری طور پر نکلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ کر دی گئی ہیں۔