Get Alerts

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین میں راشن اور امدادی سامان تقسیم

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین میں راشن اور امدادی سامان تقسیم

ننکانہ صاحب:  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین میں راشن اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔

دورے کے دوران گورنر نے جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور ننکانہ صاحب کے علاوہ پنجاب کے دیگر متاثرہ اضلاع میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں ہزاروں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب چکی ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کی قیمتی جانیں اور مال مویشی بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

گورنر پنجاب نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو پنجاب کی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، جنہوں نے ہدایت کی ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سیلاب متاثرین کے علاقوں کے دورے جاری رکھیں اور ہر ممکن امداد فراہم کریں۔ آج کل میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے 6 ماہ کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں اور زرعی زمینوں کے ٹیکس بھی معاف کرائے جائیں تاکہ کسانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

گورنر نے واضح کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور جو بھی سیاسی بیان بازی کرے گا وہ سیلاب زدگان کا دشمن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ پہنچ جائیں، ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ادارے، مشینری اور پاک فوج کے دستے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں تاکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔

ٹیگز: