Get Alerts

پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں:وزیر اعظم شہباز شریف

 پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں:وزیر اعظم شہباز شریف

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کی دوسری بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ کے 2015 کے اسلام آباد دورے نے سی پیک (چائنا پاکستان اقتصادی راہداری) کی بنیاد رکھی، جس کے تحت چین نے 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان نے توانائی کے بحران پر قابو پایا اور زراعت و صنعت کے شعبوں کو بحال کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور کان کنی جیسے شعبوں میں چین کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہا ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز چینی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں، جہاں سستی لیبر سمیت دیگر سہولتیں میسر ہوں گی۔

وزیراعظم نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور چینی سرمایہ کاروں کی حفاظت اور ان کے مسائل کے فوری حل کو اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور وہ ذاتی طور پر چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے دستیاب رہیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان کے لیے رول ماڈل ہے اور چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے۔ انہوں نے حالیہ پریڈ میں چین کی عسکری برتری کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کانفرنس میں شرکت کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی کانفرنس قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان اور چین کے تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے ۔

ٹیگز: