Get Alerts

شہباز شریف نے صدر مملکت کا خط ملنے کی تردید کر دی

شہباز شریف نے صدر مملکت کا خط ملنے کی تردید کر دی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کا خط ملنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کا خط موصول ہو گا تو اپنے وکلاءاور اتحادیوں سے مشاورت کروں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج دوپہر 12 بجے تک مجھے صدر عارف علوی کا عبوری وزیراعظم کیلئے باضابطہ طورپر کوئی خط نہیں ملا، جب صدر کا خط موصول ہوگا تو اپنے وکلاءاور اتحادیوں سے مشاورت کروں گا۔ 
انہوں نے کہا کہ اس وقت تو عارف علوی اور عمران خان خود آئین شکنی کے مرتکب ہیں، صدر عارف علوی نے آئین کو پاؤں تلے روندا ہے اور آئین شکنی کی ہے، پہلے اس کا فیصلہ ہوگا اگلی بات بعد میں ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ آپ کو ذیلی کمیٹی میں شرکت کی زبانی دعوت دی گئی ہے جس پر میں نے استفسار کیا کہ اپوزیشن کے باقی ارکان کو دعوت آئی ہے؟ تومریم اورنگزیب نے بتایا کہ اپوزیشن کے اور کسی رہنما کو دعوت نہیں آئی۔ 
انہوں نے کہا کہ مجھے اکیلے کو آخری وقت میں زبانی دعوت پر بلانا بھونڈا مذاق ہے، ہم کیا ان کے غلام ہیں؟ کیا یہ کوئی طریقہ ہے کہ زبانی دعوت دیدی جائے، میں وہاں چلا جاؤں اور مجھے کہیں کہ آپ کو بلایا ہی نہیں تو پھر کیا؟ یہ کیا ہے؟ یہ صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

ٹیگز: