Get Alerts

مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی مقدر ہے،یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی مقدر ہے،یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوح تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے اور یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی۔

مریم نواز نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتی ہوں، اور خاص طور پر پانچ اگست 2019 کے بعد بھارتی مظالم میں اضافے کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ اور عزم قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کیا ہے کہ کشمیر فیصلہ کرے گا، اور پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے، کھڑا تھا اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ عالمی ضمیر پر سوال ہے، اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ایک سیاہ باب ہے جسے تاریخ کبھی نہیں بھولے گی۔ مریم نواز نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیریوں پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، اور کشمیری شہداء کی قربانیاں کبھی ضائع نہیں ہوں گی۔ بھارت کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی جتنی بھی کوشش کرے، وہ ناکام ہو گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے، اور کشمیری گزشتہ کئی سالوں سے بھارتی ظلم و ستم کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم عالمی ضمیر کے خلاف ایک چارج شیٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم وقتی ہے لیکن کشمیر کی آزادی مقدر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ناقابلِ برداشت ہے، اور دنیا کو اس پر فوری طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کا قبضہ غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے، اور کشمیر کی سیاہ رات کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر اب بھارت کا داخلی معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ ایک انسانی المیہ بن چکا ہے جسے دنیا کو حل کرنا ہوگا، تاکہ خطے کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو امن اور خوشحالی کی سحر نصیب ہو سکے۔

ٹیگز: