Get Alerts

پیرس کے آخری پاکستانی ہاکر علی اکبر کو فرانسیسی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول اعزاز ملے گا

پیرس کے آخری پاکستانی ہاکر علی اکبر کو فرانسیسی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول اعزاز ملے گا

پیرس: فرانس کی حکومت رواں برس ستمبر میں پاکستانی ہاکر علی اکبر کو طویل اور بے لوث خدمات کے اعتراف میں نیشنل آرڈر آف میرٹ سے نوازے گی۔

علی اکبر، جو راولپنڈی کے رہائشی ہیں، گزشتہ 50 سال سے پیرس کے لاطینی کوارٹر میں روزانہ اخبار بیچ کر اپنی خوش اخلاقی اور محبت بھرے انداز سے لوگوں کے دل جیتے ہوئے ہیں۔ وہ پیرس کے آخری اخبار فروشوں میں سے ایک ہیں، جو ایک ختم ہوتی ہوئی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

1973 میں فرانس ہجرت کرنے والے علی اکبر نے اخبار بیچنا ایک فن سمجھا اور اپنے منفرد انداز سے گاہکوں کا اعتماد حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا مقصد صرف اخبار بیچنا نہیں بلکہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہے۔

ٹی وی اور انٹرنیٹ کی ترقی کے باوجود، علی اکبر آج بھی اپنی محنت سے کام کر رہے ہیں، اگرچہ ان کی فروخت کم ہو چکی ہے۔ ان کی کہانی محنت، استقامت اور انسان دوستی کی بہترین مثال ہے، جو غیرملکی سرزمین پر بھی دل جیتنے کا جذبہ رکھتی ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سے ملنے والا یہ اعزاز علی اکبر کی طویل پیشہ ورانہ زندگی کا اعتراف ہے اور تارکین وطن کے لیے ایک مثال ہے۔

ٹیگز: