Get Alerts

انسٹاگرام نے 1000 سے کم فالوورز والے صارفین کے لیے لائیو ویڈیو کی سہولت بند کر دی

انسٹاگرام نے 1000 سے کم فالوورز والے صارفین کے لیے لائیو ویڈیو کی سہولت بند کر دی

اسلام آباد:  سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اپنے معروف ’لائیو ویڈیو‘ فیچر تک رسائی کو محدود کرتے ہوئے ایک نیا اصول نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت اب صرف وہی صارفین لائیو ویڈیوز نشر کر سکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد کم از کم 1,000 ہو گی۔

ماضی میں انسٹاگرام کا لائیو فیچر ہر صارف کے لیے دستیاب تھا، لیکن حالیہ تبدیلی کے بعد وہ اکاؤنٹس جن کے فالوورز 1,000 سے کم ہیں، اب اس سہولت سے محروم ہو جائیں گے۔ یہ فیصلہ کمپنی کی جانب سے صارف کے تجربے کو بہتر بنانے اور فیچر کے مجموعی معیار کو بلند کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، حالیہ ہفتوں میں متعدد صارفین نے شکایات کیں کہ وہ انسٹاگرام پر لائیو نہیں جا پا رہے، جس پر انہیں ایک پیغام موصول ہو رہا ہے کہ اب صرف 1,000 یا اس سے زائد فالوورز رکھنے والے پبلک اکاؤنٹس ہی لائیو فیچر استعمال کر سکتے ہیں۔

انسٹاگرام کی ملکیتی کمپنی میٹا نے اس پالیسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تبدیلی فی الحال صرف عوامی (Public) اکاؤنٹس پر لاگو ہو رہی ہے، تاہم جلد ہی یہ نجی (Private) اکاؤنٹس پر بھی نافذ کر دی جائے گی۔ کمپنی کے مطابق یہ اقدام مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے، اسی لیے فی الحال نوٹیفکیشن میں صرف پبلک اکاؤنٹس کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس نئی پالیسی سے انسٹاگرام کی اُس حالیہ سہولت پر بھی اثر پڑے گا جو 2024 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے تحت صارفین محدود تعداد میں قریبی دوستوں کے ساتھ نجی لائیو سیشن کر سکتے تھے۔

میٹا کی جانب سے اس فیصلے پر مکمل وضاحت تو نہیں دی گئی، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کا خیال ہے کہ اس کا مقصد پلیٹ فارم کو پیشہ ورانہ استعمال کے لیے مزید مؤثر بنانا اور غیر ضروری یا غیر معیاری لائیو نشریات کو محدود کرنا ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: