Get Alerts

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 387 رنز بنا کر آؤٹ، ویسٹ انڈیز کے خلاف 43 رنز کی برتری حاصل

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 387 رنز بنا کر آؤٹ، ویسٹ انڈیز کے خلاف 43 رنز کی برتری حاصل

پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 387 رنز پر مکمل کرلی اور میزبان ٹیم پر 43 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

تیسرے روز کے آغاز پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔ کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے بیٹنگ کا سلسلہ آگے بڑھایا، تاہم گزشتہ روز کی عمدہ شراکت زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ بابر اعظم 147 گیندوں پر 88 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، لیکن وہ سنچری مکمل کرنے سے صرف 12 رنز دور رہ گئے۔

بابر اعظم کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور صرف 6 گیندوں کے دوران مزید دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے عبداللہ شفیق کا ساتھ دیا اور دونوں نے 25 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا مجموعی سکور 300 سے آگے پہنچایا۔ تاہم رضوان 18 رنز بنا کر جومیل واریکن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

بعد ازاں عبداللہ شفیق نے ساجد خان کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ ساجد خان 71 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ علی عثمان 10 رنز بنا سکے۔ عبید شاہ اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 323 گیندوں پر ناقابلِ شکست 160 رنز سکور کیے اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 387 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس مجموعے کے ساتھ قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز پر 43 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں ساجد خان نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

ٹیگز: