پٹنہ: بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے اپنے بیٹوں کرن دیول اور راج ویر دیول کے ساتھ ایک تاریخی فلم بنانے کی خواہش ظاہر کردی ہے، جس کا موضوع قدیم بھارتی حکمران شہنشاہ اشوک کی زندگی ہوگا۔
فلم ’بٹوارہ 1947‘ کی پروموشن کے دوران پٹنہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی دیول نے کہا کہ اشوک کی شخصیت اور تاریخ پر فلم بنانا ان کے پسندیدہ منصوبوں میں شامل ہے اور یہ خیال ان کے دل کے بہت قریب ہے۔
اداکار کے مطابق فلم ساز راج کمار سنتوشی اور چندر پرکاش دویدی انہیں شہنشاہ اشوک کی زندگی سے متعلق فلم کی کہانی پہلے ہی سنا چکے ہیں، تاہم ایسی تاریخی اور بڑے پیمانے کی فلم کے لیے وسیع بجٹ اور بڑے پیمانے کی تیاری درکار ہوتی ہے۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ وہ اس پروجیکٹ کو حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں اور ممکن ہے کہ اس میں اپنے دونوں بیٹوں کو بھی شامل کریں، کیونکہ اشوک کی زندگی میں ایسے کئی پہلو موجود ہیں جنہیں پردے پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ماضی میں بڑے بجٹ کے منصوبوں پر کام کرنے کے لیے وسائل محدود تھے، لیکن ’غدر 2‘ کی کامیابی کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے اور انہیں امید ہے کہ آنے والے وقت میں وہ مزید بڑے منصوبے مکمل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ سنی دیول کی آنے والی فلم ’بٹوارہ 1947‘ کی ہدایت کاری راج کمار سنتوشی نے کی ہے، جبکہ اس فلم کی پروڈیوسر عامر خان پروڈکشنز ہے۔