ممبئی: بھارت کا مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس‘ اپنے 20ویں سیزن کے ساتھ ٹی وی سکرین پر واپسی کے لیے تیار ہے، جبکہ بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان ایک بار پھر شو کی میزبانی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
شو انتظامیہ کے مطابق ’بگ باس 20‘ کا آغاز 6 ستمبر 2026 سے ہوگا۔نئے سیزن کا پہلا پرومو بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں سلمان خان اپنے مخصوص سٹائل میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں اداکار گھوڑے پر سوار ہوکر شاندار انداز میں انٹری دیتے ہیں اور اپنی مشہور فلم ’کرن ارجن‘ کا ذکر بھی کرتے ہیں، جس کے بعد مداحوں میں شو کے حوالے سے جوش مزید بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب ’بگ باس 20‘ میں شامل ہونے والے ممکنہ امیدواروں کے نام بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنت زبیر، عرفی جاوید، فیصل شیخ المعروف مسٹر فیصو، انجلی اروڑہ سمیت کئی معروف شخصیات سے رابطوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
تاہم ابھی تک شو انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی امیدوار کی حتمی فہرست جاری نہیں کی گئی۔ اسی طرح بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی شو میں شرکت سے متعلق قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں، لیکن اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
مداح اب نئے سیزن کے شرکا اور شو کی دیگر تفصیلات کے باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں۔