لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کر کے میچ میں برتری حاصل کی جائے۔
کوئینز پارک اوول میں گفتگو کرتے ہوئے ساجد خان نے عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں اچھی اننگز کھیلی، تاہم آخری نمبرز پر موجود بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔
ساجد خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بولرز نے بہترین کارکردگی دکھا کر ٹیم کو اچھا مومینٹم دیا ہے اور اب کوشش ہوگی کہ چوتھے روز اسی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو کم سکور پر محدود کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میچ کے آغاز میں پچ پر نمی موجود تھی جس سے بولرز کو مدد ملی، لیکن بعد میں وکٹ بیٹنگ کے لیے بہتر ہوگئی۔ نئی گیند کے خلاف بیٹنگ میں مشکل ہو سکتی ہے، تاہم کریز پر وقت گزارنے کے بعد رنز بنانا آسان ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 103 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف 60 رنز کی برتری حاصل ہے۔