این اے 133 میں پی ٹی آئی کو باہر کرنے پر عوام نے احتجاجاً ووٹ کاسٹ نہیں کیے، چیمہ

این اے 133 میں پی ٹی آئی کو باہر کرنے پر عوام نے احتجاجاً ووٹ کاسٹ نہیں کیے، چیمہ
کیپشن: این اے 133 میں پی ٹی آئی کو باہر کرنے پر عوام نے احتجاجاً ووٹ کاسٹ نہیں کیے، چیمہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ این اے 133 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے انتہائی کم ٹرن آوٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام نے ضمنی انتخاب کو مسترد کردیا ہے۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا ٹرن آوٹ انتہائی کم ہونے سے ضمنی انتخاب کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور پی ٹی آئی کو میدان سے باہر کرنے پرعوام نے احتجاجاً ووٹ کاسٹ نہیں کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعت کی شمولیت کے بغیر ضمنی انتخاب کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 133 کے عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کردیا ہے۔ عوام نے ضمنی انتخاب سے لا تعلق رہ کر دونوں جماعتوں کی نوٹوں کی چمک کو مسترد کر دیا۔

دوسری جانب حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ ووٹنگ ٹرن آوٹ ثابت کرتا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں کلین سوئپ کرے گی۔ ضمنی الیکشن سے عوام کی لاتعلقی اپوزیشن کی احتجاج کی سیاست میں آخری کیل ہے اور اپوزیشن اب بھی ہوش کے ناخن لے اور احتجاج کی سیاست سے باز آ جائے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان حسان خاورنے کہا کہ ٹرن آوٹ کم ہونے سے ضمنی انتخاب کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ نہ ڈال کر ثابت کر دیا کہ اپوزیشن اب ووٹ کو ترسے گی۔