پی ایس ایل 7، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیڈ کو شکست دیدی

پی ایس ایل 7، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیڈ کو شکست دیدی
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

کراچی: پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 7 کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ 

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ  میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے 175 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب کے دوران انیسویں اوور تک تو یونائیٹڈ کی میچ پر گرفت مضبوط تھی مگر شاداب اور کولن منرو کے آؤٹ ہونے کے بعد یونائیٹڈ کی ٹیم کو آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے مگر صرف چار رنز بن سکے۔ آصف علی نے آخری اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ بھی حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 175 رنز ہدف کے تعاقب میں پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، ہیلز 16 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد پال اسٹرلنگ بھی 14 رنز اسکور کر کے 37 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں کولن منرو اور شاداب خان نے وکٹ سنبھال کر شاندار بلے بازی کی اور 100 رنز کی شراکت داری قائم کی، شاداب خان نے 29 گیندوں پر ففٹی بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تو دوسرے اینڈ پر منرو نے بھی جارحانہ بلے بازی کے سلسلے کو جاری رکھا۔

یونائیٹڈ کے کپتان شاداب 32 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر 137 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دوسرے اینڈ پر موجود کولن منرو نے اسی دوران چوالیس گیندوں پر 3 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے اور وہ حارث رؤف کی گیند پر 140 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں اعظم خان اور آصف علی وکٹ پر آئے تو آخری اوور میں آصف زمان خان کی گیند 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد اعظم خان اور فہیم اشرف بھی باقی گیندوں پر صرف 3 رنز ہی بنا سکے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق اورفخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عبداللہ شفیق 44 رنز بنانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد کامران غلام آئے اور محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ فخر زمان 38 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ بھی 5 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر پال اسٹیئرلنگ کا شکار بنے، فل سالٹ بھی 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

نئے آنے والے بیٹسمین ڈیوڈ ویزے نے ہیری بروک کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن ڈیوڈ 20 اور بروک 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 جب کہ حارث رؤف 0 پر آؤٹ ہوئے اور یوں لاہور قلندرز نے تمام اورز کھیلتے ہوئے 174 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق  44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور وقاص مقصود نے 4، 4 اور مبشر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مصنف کے بارے میں