لاہور : آج 5 فروری کو دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کا عہد کرنا ہے۔ پورا پاکستان، کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک، یک زبان ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا پیغام دے گا۔
پاکستان میں اس دن کو خاص طور پر اہمیت دی جاتی ہے، اور مختلف مقامات پر ریلیاں، سیمینارز اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، جس سے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کی یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی آج منعقد ہو گا، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کا دن کشمیری عوام کو یہ پیغام دینے کے لیے ہے کہ وہ اس جدوجہد میں اکیلے نہیں ہیں۔ پاکستانی قوم اور قیادت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہزاروں جانیں نذرانہ ہو چکی ہیں، اور ایک ہزار سے زائد کشمیری بھارتی جیلوں میں قید و بند کی اذیتیں برداشت کر رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کی ہیں اور ان کے کاروباری مراکز اور گھروں کو جلا دیا ہے، لیکن کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد میں آج بھی سینہ سپر ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کرنے کا مطالبہ کرے گا۔