کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے 1 وکٹ پر آٹھ رنز بنا لیے

Christchurch Test: After the third day's play, Pakistan scored eight runs for the loss of one wicket
کیپشن: فائل فوٹو

کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر آٹھ رنز بنا لئے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 659 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔ کپتان کین ولیمسن 238، ہینری نکولس 157 اور ڈیرل مچل نے 102 رنز بنائے۔ ٹام لیتھم 33 ، ٹام بلینڈل 16 اور راس ٹیلر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے شان مسعود اور عابد علی کو دوبارہ دوسری اننگز کیلئے میدان میں اتارا لیکن شان مسعود اس مرتبہ بھی پہلی اننگز کی طرح صفر پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ چکے ہیں۔ تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر عابد علی 7 جبکہ محمد عباس ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 

خیال رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی کامیاب بلے باز رہے تھے انہوں نے 93 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز سکور کئے جبکہ فہیم اشرف نے دوبارہ آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 رنز سکور کئے۔

دیگر بلے بازوں میں شان مسعود نے صفر، عابد علی نے 25، حارث سہیل 1، فواد عالم 2، ظفر گوہر 34، شاہین آفریدی 4، محمد عباس صفر جبکہ نسیم شاہ نے 12 رنز بنائے تھے۔

پہلی اننگز میں کیوی ٹیم کی جانب سے کائیل جیمی سن نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے صرف 69 رنز کے عوض 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے علاوہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو جبکہ میٹ ہنری نے ایک وکٹ حاصل کی۔