اسلام آباد ، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ مچھ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ان کو دکھ کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ سانحہ میں ملوث مجرمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرداخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو سانحہ مچھ اور ہزار برادری سے مذاکرات پر بریفنگ دی ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری کے آٹھ میں سات مطالبات تسلیم کررہے ہیں ، بلوچستان اسمبلی کے مستعفیٰ ہونے کے مطالبے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے ۔
جس پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ افسوسناک ہے اور لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ ظالم بہت جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔
یاد رہے کہ 3 جنوری کو نامعلوم افراد نے مچھ کے علاقے میں فائرنگ کرکے 11 کان کنوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا تھا ۔ جاں بحق افرا دکا تعلق کوئٹہ کی ہزار ہ برادری سے تھا ۔ لواحقین کا میتوں کو شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کا تیسرا روز جاری ہے ۔