آٹھ سال سے ناراض بیوی شوہر کی میت پرحادثے سے انتقال کرگئی

آٹھ سال سے ناراض بیوی شوہر کی میت پرحادثے سے انتقال کرگئی
سورس: File photo

نئی دہلی ، آٹھ سال سے  الگ رہنے والی خاتون شوہر کی میت پر حادثے کا شکار ہوکر چل بسیں ۔ بھارتی شہر کولکتہ میں شوہر کی موت  پر آنے والی خاتون ساڑھی میں آگ لگنے سے جھلس گئیں اور ہسپتال میں علاج کے دوران انتقال کرگئیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق 65 سالہ راکھی پچھلے آٹھ سال سے اپنے شوہر سے الگ رہ کر زندگی گذار رہی تھیں ۔ شوہر کے ہارٹ اٹیک سے انتقال کے باعث جذباتی ہوگئیں اور شوہر کی آخری رسومات میں شرکت کرنے پہنچ گئیں۔ 

خاتون کے رشتہ داروں کے مطابق شوہر کی آخری رسومات میں پوجا پاٹ کے لئے موم بتیاں جلائی گئی تھیں اور بے دھیانی سے خاتون کی ساڑھی کا پلو موم بتیوں کے قریب چلا گیا جس کے بعد ساڑھی نے تیزی سے آگ پکڑلی اور خاتون بری طرح جھلس گئیں ۔ 

یہ واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا تھا جس کے بعد خاتون کوشدید زخمی ہونے کےبعد ہسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا جہاں وہ پیر کی رات انتقال کرگئیں ۔ خاتون کے شوہر کا انتقال بھی گزشتہ ماہ ہی ہوا تھا اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی ۔