اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر کہا ہے کہ 5 جنوری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کرنے کی قرارداد منظور کی، لیکن بھارت کے غیرقانونی قبضے کی وجہ سے یہ وعدہ پورا نہ ہو سکا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم بھارتی جبروتشدد کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی۔