اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، پی ٹی آئی سے مذاکرات، اپوزیشن لیڈر کی تقرری اور سپیکر کے حالیہ دورۂ بنگلہ دیش پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم کو اپنے دورۂ بنگلہ دیش سے متعلق جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ سفارتی لحاظ سے انتہائی مثبت اور کارآمد ثابت ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلادیشی قیادت، چیف ایڈوائزر، مشیران اور مرحومہ خالدہ ضیا کے خاندان کے اراکین سے ملاقاتیں خوشگوار رہیں جبکہ بنگلادیشی عوام کی جانب سے پرتپاک اور مثبت استقبال کیا گیا۔
ایاز صادق نے بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا کہ دورہ بنگلہ دیش کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے خود ان کی نشست پر آ کر مختصر ملاقات کی، مصافحہ کیا اور اپنا تعارف کروایا۔ ان کے مطابق یہ ملاقات محض چند سیکنڈ پر مشتمل تھی، جس کے دوران انہوں نے انتہائی محتاط اور غیر رسمی رویہ اختیار کیا، جبکہ بھارتی وزیر خارجہ پوری تیاری کے ساتھ ملاقات کے لیے آئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بنگلہ دیش کا کامیاب اور مثبت دورہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان بنگلادیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر سے ان کی ملاقاتیں ہمیشہ خوشگوار رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔