Get Alerts

سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 ہزار کلو سے زائد بارودی مواد برآمد

سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 ہزار کلو سے زائد بارودی مواد برآمد

کراچی: ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے نیوز کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے ایک انتہائی خطرناک منصوبے کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک نے بتایا کہ کئی ہفتوں پر محیط پیچیدہ اور پیشہ ورانہ انٹیلی جنس آپریشن کے بعد یہ بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پریمیئر انٹیلی جنس ایجنسی اور دیگر اداروں کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں بروقت اور فیصلہ کن کارروائی ممکن ہوئی، جس سے کراچی کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ کئی دن اور راتوں کی مسلسل محنت کے بعد ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، جس کی نشاندہی پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران مزید دو دہشت گردوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر اب تک تین دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں آچکی ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق دہشت گرد کراچی سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک مکان میں بارودی مواد تیار اور ذخیرہ کر رہے تھے، جہاں سے 2 ہزار کلوگرام سے زائد انتہائی تباہ کن دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر بارودی مواد کو ناکارہ بنایا، جبکہ بعد ازاں اسے حب کے علاقے میں محفوظ طریقے سے مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔

غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی وابستگی کمانڈر بشیر زیـب، بشیر زیـب گروپ اور مجید بریگیڈ (فتنہ الہندوستان) سے ہے، جبکہ بی ایل اے کی جانب سے دہشت گردی کی منصوبہ بندی بیرونِ ملک کی گئی تھی۔ دہشت گرد کراچی میں بڑے دہشت گردانہ حملے کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف انٹیلی جنس اداروں، حساس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں یہ منصوبہ بے نقاب ہوا۔ تاہم کارروائی کے دوران تین دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق 2 ہزار کلوگرام سے زائد بارودی مواد کی برآمدگی کے باعث بے شمار قیمتی جانیں بچائی جا سکیں، جبکہ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کی روشنی میں مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔

ٹیگز: