تہران: ایران میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئے ہیں، جہاں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں۔ اب تک کم از کم 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
مظاہرے 28 دسمبر کو تہران میں دکانداروں کی ہڑتال سے شروع ہوئے تھے اور اب یہ تہران، شیراز اور مغربی علاقوں سمیت ایران کے 26 صوبوں کے 220 سے زائد شہروں تک پھیل چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مظاہرین کی ہلاکتیں جاری رہیں تو امریکا ایران کو سخت جواب دے گا۔ بین الاقوامی ادارے اور انسانی حقوق کے گروپس بھی ایران میں جاری مظاہروں اور تشدد کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔