راولپنڈی: کشمیری رہنما مشعال ملک نے راولپنڈی میں منعقدہ کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کے ساتھ بھارتی جیل میں انسانیت سوز سلوک کیا جا رہا ہے اور انہیں غیر قانونی طور پر سزا دی گئی ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ آج کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا دن ہے اور نومبر کے آخری ہفتے میں عوامی رابطہ مہم بھی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایشیا اس وقت ایک بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے اور اگر یہ پھٹ گیا تو اس کے ذمہ دار بھارتی وزیر اعظم مودی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں نیوکلیئر طاقتیں ہیں اور کشمیری عوام کے ساتھ انسانی حقوق کی پامالی نہیں بلکہ نسل کشی ہو رہی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں، خواتین، بوڑھوں اور بچوں پر یکساں مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حریت رہنما یاسین ملک کی قید اور سزا پر نوٹس لے، کیونکہ وہ کشمیری عوام کے نمائندہ ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر کے شہریوں پر وحشیانہ مظالم بند کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو اور مودی نے سفاکیت اور بربریت کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان اور کشمیری عوام ان کے ساتھ ہیں۔