مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں نے مزید 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں نے مزید 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا

سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پیر کو ضلع بانڈی پور میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کے علاقے سمبل میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ کے قریب فائرنگ میں کم سے کم چار نوجوان شہید ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان عام شہری ہیں جو کسی بھی قسم کی جنگجو کارروائیوں میں ملوث نہیں تھے اور ان بے گناہوں کو بھارتی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونیوالے چاروں کشمیری سمبل کیمپ کے قریب سے گزر رہے تھے کہ حواس باختہ بھارتی فوج نے انہیں مجاہدین سمجھ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

دوسری جانب بھارتی پولیس کے ایک افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ سی آر پی ایف کے کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا اور بھارتی فورسز نے جوابی کارروائی میں ان کو ہلاک کر دیا۔

یاد گزشتہ دنوں بھی سبزار احمد بٹ سمیت متعدد کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فورسز نے شہید کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 8 جولائی 2016 کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہانی وانی کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے جدوجہد آزادی کی نئی لہر اٹھی تھی جو اب تک جاری ہے۔

اس کے بعد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تین ماہ سے زائد عرصے تک کرفیو نافذ رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اسکولز، دکانیں، دفاتر اور پٹرول پمپس وغیرہ بند رہے۔ ہندوستانی فوج نے وادی کشمیر میں پیلٹ گنوں سے 700 سے زائد کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا تھا۔

کشمیر سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان نے عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھرپور طریقے سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا تذکرہ کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں